راولپنڈی: مبینہ طبی غفلت، دورانِ ڈلیوری نومولود جاں بحق، ورثا کا احتجاج

image

راولپنڈی تھانہ بنی کے علاقے سید پور روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث دورانِ ڈلیوری نومولود جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد ورثا اور اہلِ علاقہ نے اسپتال کے باہر شدید احتجاج کیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق آپریشن کے دوران بچے کے سر اور گردن پر کٹ لگے، ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث نومولود دم توڑ گیا۔ ورثا کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ معاملہ دبانے اور اہلِ خانہ کو دھمکیاں دینے میں مصروف رہی۔

ورثا نے الزام عائد کیا کہ اسپتال عملے نے ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ”لاش اٹھاؤ اور یہاں سے دفع ہوجاؤ“۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاندان نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال بھی کی، تاہم ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر پولیس کارروائی سے گریزاں رہی۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع محکمہ صحت اور پولیس حکام کو دے دی گئی ہے۔

تاحال اسپتال انتظامیہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جبکہ اسپتال کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ بنی ارسلان راجہ موقع پر پہنچ گئے اور ورثا سے تحریری درخواست وصول کرلی۔

ایس ایچ او ارسلان راجہ کا کہنا ہے کہ ورثا کے ساتھ ہمدردی ہے، واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کرکے انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے لا کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US