دنیا بھر میں بچوں کو نقصان دہ آن لائن مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے عمر کی تصدیق کرنے والی ویب سائٹس، ایپس اور ڈیوائسز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اسی تناظر میں میٹا نے کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے نئے اے آئی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیا سسٹم مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کی عمر کا اندازہ لگائے گا۔ اس مقصد کے لیے پروفائل سے جڑی معلومات جیسے سالگرہ اور دیگر اشاروں کا تجزیہ کیا جائے گا۔
میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ چہرہ شناخت کرنے والا سسٹم نہیں ہے بلکہ اے آئی بصری اشاروں، قد، ہڈیوں کی ساخت اور دیگر عمومی خصوصیات کی مدد سے عمر کا تخمینہ لگائے گا۔
کمپنی کے مطابق جن اکاؤنٹس کے بارے میں شبہ ہوگا کہ وہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے ہیں انہیں عارضی طور پر ڈی ایکٹیویٹ کیا جا سکے گا جبکہ صارفین کو اپنی عمر ثابت کرنے کے لیے دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔
فیس بک اور انسٹا گرام صارفین کو بھی ایسے اکاؤنٹس رپورٹ کرنے کی سہولت دی گئی ہے جو کم عمر بچوں کے معلوم ہوں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ کمپنی کئی برسوں سے نوجوانوں کے لیے محفوظ اور مثبت آن لائن ماحول فراہم کرنے کے لیے مختلف ٹولز اور فیچرز پر کام کر رہی ہے جبکہ اب مزید اے آئی ٹیکنالوجی کو مختلف خطوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ کم عمر صارفین کی بہتر شناخت اور تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔