معروف عالمِ دین اور سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں شریک کارکنان نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مولانا محمد ادریس جیسی جید علمی شخصیت کا بہیمانہ قتل ایک بڑا قومی سانحہ ہے، لیکن واقعے کے کئی روز گزر جانے کے باوجود اصل محرکین اور قاتل قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔
احتجاج کے دوران جے یو آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دیں، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر پریس کلب کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ مظاہرین نے مولانا محمد ادریس کی علمی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔