معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد، ملک بھر میں تقریبات

image

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم اور مسلح افواج کے تمام جوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن قومی جذبے، اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی علامت بن چکا ہے۔ مسلح افواج پاکستان قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

بیان کے مطابق معرکۂ حق کی فتح اور شہدا و غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے جا رہے ہیں جبکہ شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکۂ حق قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جس نے قومی عزم، عسکری صلاحیت اور حکمتِ عملی کی پختگی کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ اس کامیابی نے نہ صرف قوم کے اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار علاقائی قوت کے طور پر بھی نمایاں کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان کے مؤثر اور دوٹوک ردِعمل نے مخالف عناصر کے پروپیگنڈے، جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن مہمات کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔ بری، بحری، فضائی، سائبر اور اطلاعاتی محاذوں پر افواجِ پاکستان نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور مکمل دفاعی حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ یہ کامیابی افواجِ پاکستان کی تیاری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی ثبوت ہے، جس سے عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن بامقصد مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین و انصاف کے اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ افواجِ پاکستان ہر داخلی و خارجی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار، باصلاحیت اور چوکس ہیں تاکہ ملک کی سلامتی، استحکام اور جغرافیائی سالمیت کو یقینی بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US