محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام کے وقت مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ دوسری جانب مری، گلیات، خطۂ پوٹھوہار، سرگودھا، چکوال، اٹک، لیہ اور بھکر میں بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں دیر، چترال، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوابی، چارسدہ اور باجوڑ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔