وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں معرکۂ حق اسکوائر کا افتتاح کردیا، جبکہ کچہری چوک کو تاریخی موقع پر باضابطہ طور پر معرکۂ حق اسکوائر کا نام دے دیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اوور ہیڈ برج اور دیگر سڑکوں کا معائنہ کیا، جبکہ انیکسی چوک سے جی پی او چوک تک تعمیر کیے جانے والے سگنل فری کوریڈور منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق اس جدید کوریڈور سے روزانہ دو لاکھ سے زائد گاڑیاں گزر سکیں گی، جس سے راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
منصوبے کے تحت معرکۂ حق اسکوائر میں جدید طرز کا اسٹیٹ آف دی آرٹ پیڈسٹرین برج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ روات سے موٹر وے تک 25 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور پر کام جاری ہے، جس میں 9 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوورز شامل ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ روات تا موٹر وے کوریڈور کے دو مراحل مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ تیسرا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت ریس کورس، چوہڑ چوک اور اے ایف آئی سی چوک پر بھی انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔