پاکستان ریلوے کے زیرِ اہتمام راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر معرکۂ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہریوں، ریلوے ملازمین اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ معرکۂ حق کی فتح کے سلسلے میں آج گرین لائن ٹرین کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کی ثالثی کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایران کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر ایران کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 10 مئی کو افواجِ پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر شکست دی، جبکہ پاک فضائیہ نے آپریشن بنیان المرصوص میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو “دن میں تارے” دکھا دیے۔
انہوں نے پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے طویل فضائی جنگ میں دنیا کو حیران کر دیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
حنیف عباسی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر ایٹمی قوت بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ملک اور عوام محفوظ ہیں۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنا بند کرے۔