سائنس دانوں نے پہلی بار ایک بلیک ہول سے خارج ہونے والے طاقتور جیٹس کی حقیقی وقت میں پیمائش کرتے ہوئے حیرت انگیز نتائج حاصل کیے ہیں۔
بین الاقوامی تحقیقاتی ٹیم کے مطابق، زمین سے 7200 نوری سال کی دوری پر واقع 'سائگنس ایکس-1' نامی بلیک ہول سے نکلنے والے ان جیٹس کی توانائی 10 ہزار سورج کے برابر ہے، جبکہ ان کی رفتار تقریباً 54 کروڑ کلومیٹر فی گھنٹہ یعنی روشنی کی رفتار کے نصف تک پہنچ جاتی ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسٹیو پرابو کی سربراہی میں کی گئی یہ تحقیق 18 سالہ ہائی ریزولوشن ریڈیو امیجنگ کے مشاہدات پر مبنی ہے، جس میں دنیا بھر کی طاقتور دوربینوں کا استعمال کیا گیا۔
سائنسی جریدے نیچر آسٹرونومی میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بلیک ہول ایک دیوقامت نیلے ستارے کے ساتھ موجود ہے اور یہ نصف صدی قبل دریافت ہونے والا دنیا کا پہلا شناخت شدہ بلیک ہول تھا۔