توہین عدالت کی درخواست: ڈی جی این سی سی آئی اے کی لاہور ہائیکورٹ طلبی

image

لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود انکوائری مکمل نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید خرم شاہ کو کل طلب کرلیا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے غفران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے سوشل میڈیا پر نامناسب تصاویر وائرل ہونے کے معاملے پر تاحال مؤثر کارروائی نہیں کی اور نہ ہی انکوائری مکمل کی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت میں رپورٹ کی فوٹو کاپی پیش کی گئی، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کے افسر سے استفسار کیا کہ کیا رپورٹ اس انداز میں عدالت میں پیش کی جاتی ہے؟

وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر وضاحت پیش کی جائے گی۔

عدالت نے معاملے کی مزید سماعت کے لیے ڈی جی این سی سی آئی اے سید خرم شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US