سندھ اسمبلی کے اجلاس میں معرکۂ حق کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر قرارداد پیش کی گئی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
قرارداد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایوان میں پیش کی، جس میں شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق ایوان نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں افواجِ پاکستان کی بہادری کو سراہا اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
قرارداد میں عاصم منیر اور سروسز چیفس کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔
ایوان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کوششوں کو بھی قرارداد کا حصہ بناتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
قرارداد میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قومی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
مزید برآں عوام، میڈیا، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی خودمختاری، اتحاد اور قومی سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ ہر سطح پر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔