وزارت خارجہ پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مختلف ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے اس کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر انہوں نے امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنگاپور کے ذریعے پاکستانی اور ایرانی سمندری عملے کی وطن واپسی میں امریکا کی معاونت قابلِ تحسین ہے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔