پاکستان کو موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بیرون ملک سے 6 ارب 59 کروڑ ڈالر کا نیا قرض موصول ہوا ہے، جبکہ مجموعی قرضوں کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق جولائی سے مارچ تک پاکستان نے ایک ہزار 828 ارب روپے کے مساوی نیا قرض حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 332 ارب روپے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پاکستان کو ایک ہزار 495 ارب روپے کے مساوی قرض ملا تھا، جبکہ رواں مالی سال قرضوں کے حجم میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے 9 ماہ کے دوران پاکستان کو 6 ارب 59 کروڑ ڈالر کے مساوی فنڈز موصول ہوئے، جبکہ اسی عرصے میں 28 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ بھی حاصل کی گئی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے حاصل ہونے والے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر اور سعودی عرب کی جانب سے دیے گئے 3 ارب ڈالر کے نئے ڈیپازٹس اس اعداد و شمار میں شامل نہیں ہیں۔