وزیراعظم شہباز شریف کی صنعتوں کو سہولیات دینے کی ہدایت

image

شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ اور صنعتوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات پر مبنی صنعت ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ حکومت اپنی توجہ برآمدات بڑھانے اور صنعتی شعبے کو سہولتیں فراہم کرنے پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی اور مسابقت میں اضافہ ہو سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس سے پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر مسابقت حاصل ہوگی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے تیار کردہ پالیسی مسودے پر بریفنگ دی گئی، جبکہ شرکاء نے مختلف تجاویز اور آراء بھی پیش کیں۔

اجلاس میں اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ، بلال اظہر کیانی اور ہارون اختر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US