وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں میڈیا چینلز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے ساتھ صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا تاکہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والے افراد کو بہتر جاب سیکیورٹی فراہم کی جاسکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق صحافیوں کی ملازمت کے تحفظ اور مراعات سے متعلق معاملات پر بھی پیش رفت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کرے گی اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔