لکی مروت میں بم دھماکا، اہلکاروں سمیت 9 جاں بحق، متعدد زخمی

image

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ کے مصروف بازار میں ایک زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 18 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نورنگ تھانے کے قریب اس وقت پیش آیا جب وہاں موجود ایک رکشے میں زوردار دھماکا ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں سمیت تمام زخمیوں کو فوری طور پر سرائے نورنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو موقع پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

اسپتال انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت کے پیش نظر اسپتال میں ہنگامی حالت (ایمرجنسی) نافذ کر دی گئی ہے تاکہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

اسپتال لائے گئے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد فوری طور پر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس پردہ محرکات کا تعین کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US