وزارت خارجہ پاکستان نے سی این بی سی نیوز کی جانب سے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قیاس آرائیوں پر مبنی اس نوعیت کی رپورٹس کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو متاثر کرنا ہے۔
بیان کے مطابق جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد میں ہونے والے ابتدائی مذاکراتی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تھے، جن کا مقصد سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اسٹاف کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکراتی مراحل کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔ تاہم پاکستان میں موجود ایرانی طیاروں کا کسی فوجی سرگرمی یا ہنگامی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور امن و استحکام کے قیام کے لیے غیر جانبدار، مثبت اور ذمہ دار کردار ادا کرتا رہے گا۔