کوہاٹ کے قریب ایک شہری نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے علاقے کو ممکنہ بڑی تباہی سے بچالیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے مقام پر پیش آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ خارجی دہشت گرد کھیتوں کے راستے حساس علاقے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اسی دوران اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور سے تعلق رکھنے والے لیاقت نامی شہری نے اسے روک لیا اور اس کی شناخت دریافت کی۔
شناخت پوچھے جانے پر مبینہ خودکش حملہ آور گھبرا گیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت شہید ہوگئے جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کا ہدف بین الصوبائی علاقے میں قائم حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا، تاہم شہری کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔