محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے دوران ملک بھر کے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موجودہ موسمی سسٹم کے اثرات کے باعث بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دو روز تک بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عرفان ورک نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ لاہور میں اگلے دو دن موسم نسبتاً خوشگوار رہے گا، تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ شروع ہوجائے گا۔ ان کے مطابق بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔
کراچی کے موسم سے متعلق انہوں نے بتایا کہ شہر میں اس وقت مئی کے ابتدائی دنوں جیسی شدید گرمی نہیں، تاہم درجہ حرارت بدستور زیادہ رہے گا جبکہ آئندہ دو روز تک موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔
عیدالاضحیٰ کے حوالے سے عرفان ورک کا کہنا تھا کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد گرمی میں آہستہ آہستہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ عید سے پہلے ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آسکتا ہے، تاہم اس بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ اندازوں کے تحت بارشوں کے اختتام کے بعد ملک میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے اور عید کے دنوں میں موسم زیادہ گرم محسوس ہوسکتا ہے۔
انہوں نے النینو کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں النینو سسٹم فعال ہو جائے تو مون سون کے دوران جنوبی ایشیا میں بارشیں معمول سے کم ہوجاتی ہیں۔