مہنگے پیٹرول اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شدید گرما گرمی دیکھنے میں آئی، جہاں حکومت کی جانب سے ایک لیٹر پیٹرول پر 128 روپے لیوی وصول کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔
اجلاس کے دوران اراکین کمیٹی نے پیٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے پر سخت سوالات اٹھائے، جبکہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی وصول کر رہی ہے، جس کے باعث عام شہری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی آتی ہے تو اس کا ریلیف عوام تک کیوں نہیں پہنچایا جاتا۔
اجلاس میں حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز حکومتی ریونیو کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم کمیٹی اراکین نے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر مزید وضاحت طلب کرلی۔