اسلام آباد میں مفت پبلک وائی فائی منصوبہ پانچ ماہ تاخیر کا شکار

image

وفاقی دارالحکومت میں عوام کو مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا پبلک وائی فائی منصوبہ مقررہ مدت گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، جبکہ پارکس، مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات پر اب تک انٹرنیٹ سروس دستیاب نہیں ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس منصوبے کو 30 دسمبر 2025 تک مکمل ہونا تھا، تاہم تقریباً پانچ ماہ گزرنے کے باوجود منصوبہ تاحال التوا کا شکار ہے۔

منصوبے کے تحت اسلام آباد کے اہم عوامی مقامات پر 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس نصب کیے جانے تھے تاکہ شہریوں کو آسان اور مفت انٹرنیٹ رسائی فراہم کی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو منصوبے میں تاخیر پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ منصوبہ مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے اور دارالحکومت کے تمام اہم عوامی مقامات پر مفت انٹرنیٹ سہولت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کے تحت عام شہریوں کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی کو مزید آسان اور تیز بنایا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے اعلیٰ حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ منصوبہ نظرِثانی شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت نے منصوبے پر کام تیز کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات بھی شروع کردیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US