وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی یقینی بنانے اور خریف و ربیع سیزن کے لیے وافر ذخائر برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو کھاد کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ زرعی پیداوار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے نئے پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار جاری رکھنے کے لیے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے جبکہ خریف کی فصلوں کے لیے کھاد کے مناسب ذخائر بھی موجود ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔