بنوں فتح خیل میں بارودی مواد سے اڑائے گئے ریڑہ پل سے مضافاتی علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
بنوں کے علاقے فتح خیل میں نامعلوم افراد نے ریڑہ پل کو بارودی مواد سے دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
آر پی او سجاد خان کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پل گرنے سے مضافاتی علاقوں کا شہر سے رابطہ متاثر ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پل علاقے کے دیہی اور مضافاتی علاقوں کو شہر سے ملانے کا اہم ذریعہ تھا، جبکہ واقعے کے بعد امدادی اور بحالی کا کام فوری طور پر شروع کردیا گیا ہے۔
آر پی او سجاد خان کا کہنا تھا کہ فتح خیل میں ریڑہ پل کا ملبہ ہٹانے اور راستہ بحال کرنے کیلیے متعلقہ ادارے کارروائی میں مصروف ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔