تاجروں کی سیکیورٹی سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے، کراچی پولیس چیف

image

ایڈیشنل آئی جی اور کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کورنگی انڈسٹریل ایریا (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورنگی کی سیکیورٹی سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت واپس کراچی نہیں آنے دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں قانون کی رٹ قائم کرنے اور مسائل کے طویل مدتی حل کے لیے سخت ایکشن لیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران ڈکیتیوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ گاڑی چھیننے کے واقعات میں 17 فیصد اور موبائل اسنیچنگ میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آزاد خان نے بتایا کہ سیف سٹی پروجیکٹ اب ٹریک پر آچکا ہے، جس سے جرائم اور ٹریفک کنٹرول میں مدد مل رہی ہے۔ رواں سال شہر میں مزید 2 ہزار نئے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

ٹریفک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ای چالان کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک افسران کو ٹیبلٹس دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم شہریوں کی جانب سے نمبر پلیٹوں میں ردوبدل ایک چیلنج ہے۔ صنعتی علاقوں میں ورکرز کو نمبر پلیٹ کی تنصیب سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔

انہوں نے منشیات کے خلاف مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس وباء کے خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں کیونکہ منشیات کے عادی افراد ہی اکثر جرائم میں ملوث ہوتے ہیں۔

کراچی پولیس چیف نے عدالتی نظام کے حوالے سے کہا کہ پولیس مجرموں کو گرفتار کرتی ہے لیکن وہ جلد رہا ہوجاتے ہیں، جبکہ خطرناک ملزمان کو طویل عرصے تک پابندِ سلاسل رہنا چاہیے۔ انتظامی اصلاحات کے تحت ہر ضلع میں ایک 'منی پولیس لائن' بنائی جائے گی جہاں کوئیک رسپانس فورس موجود ہوگی۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی نے واضح کیا کہ ملکی قانون کے تحت شہریوں کو اسٹریٹ کرائم سے بچاؤ کے لیے اپنے دفاع میں لائسنس یافتہ اسلحہ استعمال کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صدر فائرنگ واقعے کی ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں درج کر کے ایک گاڑی پکڑ لی گئی ہے جبکہ قبائلی جھگڑوں میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق جرائم کی شرح میں مجموعی کمی آئی ہے، تاہم عید کے سیزن میں عمومی طور پر اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US