منشیات کیس کی ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی تاہم آج دوبارہ ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ سماعت عدالت نے دوبارہ استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمہ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف ماضی میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں اور تفتیش مزید آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر منشیات برآمد ہوئی تھیں۔