ایوانِ صدر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات پر اعزازات تقسیم

image

ایوان صدر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں تقریب تقسیم اعزازات منعقد ہوئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ممتاز شخصیات میں قومی اعزازات تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نمایاں کارکردگی پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ توانائی اور خدماتِ عامہ کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں مشیر نجکاری محمد علی کو بھی ہلال امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔

کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات پر سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف کے لیے ہلال امتیاز کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا۔

جمہوریت کے لیے خدمات کے اعتراف میں نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ ادب کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر عطاالحق قاسمی اور مرحوم عرفان الحق صدیقی کے لیے بھی نشان امتیاز کے اعزازات دیے گئے، جبکہ معروف ادیب اصغر ندیم سید کو ادبی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

غیر معمولی بہادری اور وطن کے دفاع میں قربانیوں کے اعتراف میں سپاہی اظہر محمود، سپاہی شاہ ولی خان، اے ایس آئی اعجاز خان شہید اور کانسٹیبل عالم زیب شہید کو ہلال شجاعت کے اعزازات سے نوازا گیا۔

اسی طرح پولیس لائن بنوں میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے کانسٹیبل حفیظ اللہ کو بھی ان کی جرات اور خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔

کوہاٹ میں خودکش بمبار کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔

قوم کےبہادر سپوت لیاقت علی شہیدکا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا، لیاقت علی کے اہلخانہ کو مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ایوان صدر لایا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US