وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کراچی میگا ڈویلپمنٹ پروجیکٹس سے متعلق اجلاس میں ٹریفک کی روانی، سڑکوں کی بحالی، ٹرانسپورٹ نظام اور دیگر 10 بڑے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عظیم پورہ سے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی تک متبادل کوریڈور منصوبے پر بریفنگ دی جس کی لاگت 58 کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی گئی۔
میئر کراچی کے مطابق منصوبے سے ٹریفک کو شاہراہ بھٹو منتقل کرنے میں مدد ملے گی اور رہائشی علاقوں پر دباؤ کم ہوگا جس پر وزیراعلیٰ نے منصوبہ فوری منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی۔