وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری اور نئے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں اور آئندہ برس کیلیے نئے منصوبوں کی تجاویز کا جائزہ لینے کیلیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلیے اقدامات میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ جامعات میں آئی ٹی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر خصوصی توجہ دے تاکہ ملک اور بیرونِ ملک روزگار کے مواقع یقینی بنائے جاسکیں۔ انہوں نے نوجوانوں کیلیے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے اور کم آمدن و متوسط طبقے کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلیے یوتھ پروگرام اور وزارتِ صنعت کے درمیان تعاون بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام کے بعد اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زائد ادارے رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ روزانہ 4800 سے زائد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز اسکیم کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کے آسان قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جس کے نتیجے میں 9 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر قرض کے عوض اوسطاً 3 سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈالیسینٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار کرلی گئی ہے جبکہ پہلی قومی یوتھ کونسل اور وزیراعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا جاچکا ہے۔ رواں برس اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 4 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا، جس کے تحت محروم اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کو میرٹ پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔

بریفنگ میں یوتھ پروگرام کے تحت مکس مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای اسپورٹس سے متعلق اقدامات اور آئندہ نئے منصوبوں پر بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US