کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ کا جنوری تا مارچ 2026 کا ریکارڈ جاری کردیا

image

کابینہ ڈویژن پاکستان نے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا ہے، جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کو موصول ہونے والے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات شامل ہیں۔

جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق اس عرصے میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سمیت متعدد اہم شخصیات کو مختلف غیر ملکی تحائف موصول ہوئے۔

فہرست میں فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کے نام بھی شامل ہیں، جبکہ وفاقی وزراء میں وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے ترجمان برائے فارن میڈیا مشرف علی زیدی، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ اور معاون خصوصی طارق فاطمی کے نام بھی درج ہیں۔

اسی طرح سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ صدر مملکت کے ملٹری سیکرٹری، پی ایس او، ترجمان، چیف سیکیورٹی آفیسر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایئر کے نام بھی ریکارڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کے عملے میں ایم ایس میجر جنرل تجدید ممتاز، پی ایس او انس اقبال گورائیہ، ذاتی معالج لیفٹیننٹ کرنل زوہیب اعوان اور پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان کے نام بھی شامل ہیں۔

مزید برآں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا، ایم ڈی او پی ایف اور سیکریٹری اقتصادی امور حمیر کریم سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو بھی اس دوران تحائف موصول ہوئے۔

ریکارڈ کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں گھڑیاں، جیولری سیٹ، پینٹنگز، شیلڈز، ٹی سیٹس، ٹائیز، ڈیکوریشن پیسز، تلواریں، ہار، کتابیں، موبائل فونز، ٹی شرٹس اور روایتی ملبوسات سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں جبکہ ان کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ اس سے قبل حکومت 2002 سے دسمبر 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی عوام کے لیے جاری کرچکی ہے، جبکہ 1997 سے 2001 تک کا ریکارڈ بھی پہلے ہی پبلک کیا جاچکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US