عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی مویشی منڈیاں آباد، خرید و فروخت میں تیزی

image

عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت ملک بھر میں مویشی منڈیاں سجنا شروع ہوگئی ہیں، جبکہ شہر کی سب سے بڑی شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں خریداروں اور بیوپاریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں ملک بھر سے بیوپاری اپنے مویشی لے کر پہنچ رہے ہیں، جہاں بکرے، دنبے، چھترے، کٹے، بیل اور اونٹ بڑی تعداد میں فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

75 ایکڑ پر محیط اس وسیع منڈی میں خریداروں کی سہولت کے لیے بڑے شیڈز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مویشیوں کے لیے پانی، چارے اور صفائی ستھرائی کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

منڈی میں خاص طور پر راجن پوری نسل کے بکروں کی مانگ نمایاں نظر آ رہی ہے۔ خوبصورت سفید راجن پوری بکرے 2 لاکھ سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک میں فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

بیوپاریوں کے مطابق رواں سال گزشتہ برس کے مقابلے میں مویشیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی بڑی وجہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بکروں اور چھتروں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 سے 20 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

بیوپاریوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ عید قریب آنے کے ساتھ ہی خرید و فروخت میں مزید تیزی آئے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US