معرکۂ حق کی کامیابی قوم کے اتحاد اور عزم کا مظہر ہے، وزیرِاعظم

image

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کی عظیم کامیابی کو پوری قوم نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا، جبکہ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم یکجان اور دو قالب تھی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ 28 مئی کی آمد قریب ہے، جو پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قومی مؤقف واضح ہے کہ ایٹمی صلاحیتیں جارحیت کے لیے نہیں بلکہ ملک کے دفاع کے لیے ہیں، اور دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جبکہ اسے پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف مضبوط اور غیر مبہم ہے، اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US