آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے لیے سرگرمیاں مزید بڑھا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق انتخابات کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں میں موجود تکنیکی خرابیوں کے باعث رواں ہفتے انتخابی شیڈول کا اعلان ممکن نہیں ہوسکا۔ ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے قائم کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عاصم خالد اعوان کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ووٹر فہرستوں سے متعلق تکنیکی مسائل حل کیے، جس کے بعد رواں ہفتے حتمی ووٹرز فہرست جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن شیڈول کے اجرا سے قبل چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں حتمی ووٹر فہرستوں اور انتخابی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جولائی کے دوسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔ انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں میں بھی تیزی آگئی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی حکمت عملی مرتب کرنا شروع کردی ہے۔