سندھ حکومت رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو کھول دے گی، شرجیل میمن

image

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت رواں ماہ ہی شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھولنے جا رہی ہے، جس سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو موٹر وے ایم-9 کو براہِ راست منسلک کرے گی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ ان کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریفک کے موجودہ مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک ایک نیا روڈ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ شہر میں برجز، انڈر پاسز اور سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کراچی کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کے باعث منصوبہ کسی اور ادارے کو منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاخیر کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر حکومت معذرت خواہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کی کمی کے مسئلے کے حل کے لیے چینی کمپنیوں کے تعاون سے ڈی سیلینیشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں، جو اگرچہ مہنگے منصوبے ہیں لیکن شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے ایک منشیات فروش خاتون کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تمام بڑی شاہراہیں اور ہائی ویز اس وقت نسبتاً محفوظ ہیں، جس میں پولیس کا اہم کردار ہے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دوران پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

سی پیک سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد رکھنے والوں میں آصف علی زرداری کا کردار نمایاں ہے۔ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں 28ویں ترمیم سے متعلق کوئی بات نہیں آئی اور نہ ہی وفاقی سطح پر ایسی کسی پیش رفت کی اطلاع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US