میٹا کا حساس گفتگو کو محفوظ بنانے کے لیے انکوگنیٹو چیٹ متعارف کرانے کا اعلان

image

میٹا نے مصنوعی ذہانت کے ساتھ حساس نوعیت کی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نیا فیچر ’’انکوگنیٹو چیٹ‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر اُن صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اے آئی سے مالی، طبی یا پیشہ ورانہ نوعیت کے نجی سوالات کرتے ہیں اور اپنی معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھنا چاہتے ہیں۔

میٹا کا کہنا ہے کہ یہ نظام اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن طرز کی سیکیورٹی پر مبنی ہے، جس کے تحت صارف اور اے آئی کے درمیان ہونے والی گفتگو تک کسی تیسرے فریق حتیٰ کہ میٹا کی بھی رسائی ممکن نہیں ہوگی۔

کمپنی کے مطابق دیگر ایپس میں موجود انکوگنیٹو موڈز کے مقابلے میں میٹا اے آئی کی ’’انکوگنیٹو چیٹ‘‘ زیادہ جدید سطح کی پرائیویسی فراہم کرے گی، جہاں صارفین کے سوالات اور اے آئی کے جوابات مکمل طور پر محفوظ رہیں گے۔

میٹا کے مطابق یہ فیچر ’’پرائیویٹ پروسیسنگ‘‘ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا، جس میں پیغامات محفوظ ماحول میں پروسیس کیے جائیں گے اور گفتگو ختم ہونے کے بعد خودکار طور پر حذف ہوجائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو ایسا محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ نگرانی یا معلومات لیک ہونے کے خدشے کے بغیر اپنے خیالات اور نجی معلومات شیئر کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US