پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

امریکا کے معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا پال کپور نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن وژن، ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مفاہمت اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے حالیہ دورۂ پاکستان کو سراہا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح روابط اور مستقل سفارتی مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے خطے میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US