5 من کےجانور کے کم از کم 35 سے 40 ہزار، اس سال عیدالاضحیٰ پر قصابوں کے کیا ریٹ ہیں؟

image

عیدالاضحیٰ 2026 کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کے ساتھ قصائیوں کے ریٹس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ بڑے شہروں میں ماہر قصابوں کی ایڈوانس بکنگ تیزی سے جاری ہے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں اس سال بکرے اور دنبے کے گوشت کی قربانی کیلئے قصائی 6 ہزار سے 10 ہزار روپے تک طلب کر رہے ہیں، جبکہ پہلے دن کے گائے اور بیل کی قربانی کے ریٹس 20 ہزار سے 35 ہزار روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اونٹ کی قربانی کیلئے بعض علاقوں میں 50 ہزار روپے تک مانگے جا رہے ہیں۔

ایک قصاب کے مطابق اس سال 3 من کے بچھڑے کی قربانی تیس سے پینتیس ہزار روپے چل رہی ہے۔ ایک قصاب کا کہنا تھا کہ جانور ذبح کرنے کا کوئی ریٹ نہیں ہوتا، جیسا کام کرنے والا ہوتا ہے اس کی ڈیمانڈ بھی ویسی ہی ہوتی ہے۔ ایک اور قصاب نے بتایا کہ پانچ من کے جانور کے 35 سے 40 ہزار روپے ہیں۔ جبکہ بکرے اور دنبے کی قربانی کے ریٹ دس سے بارہ ہزار روپے ہیں۔ ایک قصاب نے بتایا کہ عید کے دن برساتی قصائی دو یا تین ہزار میں بھی جانور ذبح کردیں گے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق عید کے پہلے دن قصائیوں کے نرخ سب سے زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ زیادہ تر شہری اسی دن قربانی کروانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے کئی تجربہ کار قصابوں کی بکنگ عید سے کئی روز قبل ہی مکمل ہو جاتی ہے۔

قصائیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی، ٹرانسپورٹ اخراجات، مزدوری اور جانوروں کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ریٹس میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ بعض قصائی صفائی، گوشت کی کٹنگ اور پیکنگ کی اضافی سروسز بھی فراہم کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے نرخ مزید بڑھ جاتے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال قربانی کے مجموعی اخراجات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ محسوس ہو رہے ہیں۔ کئی افراد نے اخراجات کم رکھنے کیلئے اجتماعی قربانی یا عید کے دوسرے اور تیسرے دن قربانی کروانے کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US