ڈریپ سروے میں ادویہ کی قیمتوں میں بڑے ردوبدل کا انکشاف

image

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے نان اسینشل ادویہ کی ڈی ریگولیشن کے بعد قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق دوسرا سروے مکمل کرلیا جس میں گزشتہ دو برسوں کے دوران متعدد ادویہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ اور کمی سامنے آئی ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق دو سال کے دوران 55 فیصد ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 42 فیصد ادویہ کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2.27 فیصد ادویہ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پہلے اور دوسرے سروے کی رپورٹس آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ نگراں حکومت کے دور میں نان اسینشل ادویہ کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد دوا ساز کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی قیمتیں خود مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہوگیا تھا۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ابتدائی مرحلے میں 100 نان اسینشل برانڈز کا سروے کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں 500 نان اسینشل برانڈز کی 700 سے زائد ادویہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

دوسرے سروے کے لیے کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان سمیت مختلف شہروں کا انتخاب کیا گیا جہاں 192 فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز پر دستیاب ادویہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویہ سے متعلق تھرڈ پارٹی سروے بھی جلد وفاقی کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ نان اسینشل ادویہ کی ڈی ریگولیشن برقرار رکھنے یا ختم کرنے کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

حکام کے مطابق جان بچانے والی اسینشل ادویہ بدستور حکومتی کنٹرول میں ہیں اور ان کی قیمتوں کا تعین سالانہ شرح مہنگائی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US