چینی کمپنی آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر کی قیادت میں 11 رکنی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے چین کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے متوقع دورۂ چین کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے آئی بی آئی گروپ کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔ ان کے مطابق اس سرمایہ کاری سے ڈیجیٹل معیشت، صنعتی اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر چیان شیاو جون نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان میں ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل میں تعاون کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کے قیام سے ایس ایم ایز کو چینی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم کے ستمبر 2025 میں دورۂ بیجنگ کے دوران ہونے والی پاکستان، چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل کا حصہ ہے۔