پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاہور میں درخت، شیڈ اور بل بورڈ گرنے کے چھ مختلف واقعات پیش آئے، جن میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔
فیصل آباد میں دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے 7 مختلف حادثات میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح ڈی جی خان میں دو مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
مظفر گڑھ میں بھی آندھی کے باعث درخت، سولر پینل اور دیواریں گرنے کے چار مختلف واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں۔