ایس ایس جی سی کا مرمتی کام کے باعث گیس کی عارضی بندش کا اعلان

image

سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی عارضی بندش اور معطلی کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق، نیپا فلائی اوور کے قریب گیس پائپ لائنز کی لوئرنگ (تبدیلی و مرمت) کا کام ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب انجام دیا جائے گا، جس کے لیے شیڈولڈ شٹ ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ یہ کام رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم تکنیکی نوعیت کے پیش نظر کام اتوار کی صبح 8 بجے تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔

اس مہم کے دوران شہر کے متعدد اہم اور رہائشی علاقوں بشمول لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال، سینٹرل جیل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی۔ اس کے علاوہ گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر اور کھارادر کے بعض علاقوں میں بھی گیس معطل رہے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ لیاری، گارڈن اور اس کے قریبی علاقوں میں گیس کی فراہمی اتوار کی صبح 8 بجے تک بند رہ سکتی ہے، جبکہ سائٹ انڈسٹریل ایریا کے صنعتی صارفین کو گیس کے کم پریشر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US