فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر 'یومِ نکبہ' منایا گیا

image

فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائز تسلط کے 78 سال مکمل ہونے پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر 15 مئی کو ملک بھر میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے 'یومِ نکبہ' بعنوان 'یومِ واپسی مہم' منایا گیا۔

اس سلسلے میں ملک بھر کی جامع مساجد میں بعد نمازِ جمعہ فلسطینیوں کے حقِ واپسی کی حمایت کی گئی اور اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔ مہم کا مرکزی احتجاج کراچی پریس کلب کے سامنے ہوا، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، وکلا، اساتذہ، سول سوسائٹی، طلبہ اور خواتین سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پاکستان، فلسطین، ایران اور لبنان کے پرچم اور شہدا کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور انہوں نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرے سے ڈاکٹر صابر ابو مریم، معراج الہدیٰ، اسرار عباسی، ارم بٹ، علامہ باقر عباس، علامہ عقیل انجم، یونس بونیری، ندیم اعوان، اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں وجے مہاراج اور سردار منگن سنگھ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرامین کے مطابق اسرائیل ایک غیر قانونی اور ناجائز ریاست ہے جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فلسطینیوں کے حقِ واپسی کے لیے قراردادیں منظور کی جائیں۔

انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطین، لبنان اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت فوری بند کرانے اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ مقررین نے معرکہِ حق اور بنیان المرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد بھی پیش کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US