پاکستان سے حج پروازوں کی روانگی کا آج آخری دن ہے جبکہ ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق آج مختلف شہروں سے 12 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 296 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے آخری حج پرواز پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پرواز پی کے 741 ہوگی جو رات ساڑھے دس بجے 290 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ رات تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 14 ہزار 78 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ 44 ہزار 146 نجی عازمینِ حج بھی وہاں موجود ہیں۔
حج حکام کے مطابق مدینہ میں موجود آخری 457 عازمینِ حج کا قافلہ بھی آج مکہ مکرمہ پہنچ جائے گا۔وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ جدہ سے واپسی حج پروازوں کا آغاز 31 مئی سے ہوگا۔
دوسری جانب وزارت کی مانیٹرنگ ٹیموں نے 4 ہزار 913 نجی عازمینِ حج کے انٹرویوز مکمل کر لیے ہیں جبکہ زائد حج اخراجات وصول کرنے کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 73 ہزار 255 سعودی ریال واپس کروائے گئے ہیں۔