ایک پاکستانی نژاد 8 سالہ بچے نے اپنی غیرمعمولی ذہانت اور باریک بینی سے امریکی خلائی ادارے “ناسا” کی ایک چھوٹی سی غلطی پکڑ کر سوشل میڈیا پر سب کو حیران کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ناسا نے بھی بچے کی نشاندہی کو سنجیدگی سے لیا اور فوری طور پر اپنی غلطی درست کرتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ناسا کی ایک سرکاری پوسٹ میں "Explore Jupiter" لکھنے کے بجائے غلطی سے "Expor Jupiter" تحریر ہوگیا۔ لفظ "Explore" میں حرف "L" غائب تھا، جسے اس کم عمر بچے نے فوراً نوٹ کرلیا۔
بچے کے والد مسرت علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر خوش مزاج انداز میں ناسا کو اس غلطی سے آگاہ کیا اور اسے مزاحیہ انداز میں ”اہم مشن اپڈیٹ“ قرار دیا۔ ناسا نے بھی دوستانہ انداز اپناتے ہوئے جواب دیا کہ ”نشاندہی کا شکریہ، ہم فوری طور پر گمشدہ حرف واپس لا رہے ہیں۔“
بچے کے والد کے مطابق ان کا بیٹا خلا، سیاروں، راکٹس اور خلائی مہمات میں غیر معمولی دلچسپی رکھتا ہے اور مستقبل میں خلاباز بننے کا خواب دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناسا کی جانب سے ملنے والے جواب نے ان کے بیٹے کی خوشی دوبالا کر دی اور اب وہ یہ دلچسپ واقعہ اپنے اسکول میں دوستوں اور اساتذہ کو بڑے فخر سے سنائے گا۔
یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے بچے کی ذہانت اور مشاہدے کی بھرپور تعریف کی۔ کئی لوگوں نے تبصرہ کیا کہ آج یہ بچہ ناسا کی اسپیلنگ درست کر رہا ہے، ممکن ہے کل یہی بچہ کسی خلائی مشن کی قیادت کرتا نظر آئے۔