میٹا نے خاموشی سے فیس بک سے منسلک ایک نئی ایپ 'فورم' متعارف کرائی ہے، جو اس وقت مخصوص ممالک میں آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
یہ ایپ بنیادی طور پر مشہور سوشل میڈیا سائٹس 'ریڈیٹ' اور 'Quora' سے ملتی جلتی ہے، جس کی ڈسکرپشن کے مطابق یہاں صارفین بامعنی گفتگو کا حصہ بن سکتے ہیں، سوالات پوچھ سکتے ہیں اور فیس بک گروپس میں شامل حقیقی افراد سے جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے فیس بک اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہے، اور یہ بائی ڈیفالٹ صارف کی دلچسپیوں کے مطابق فیس بک گروپس کا مواد دکھائے گی۔
یہ ایپ خاص طور پر ان افراد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جو فیس بک گروپس چلاتے ہیں، اور انہیں گروپس کی مینجمنٹ اور مواد کی جانچ پڑتال میں مدد کے لیے ایک نیا 'ایڈمن اے آئی اسسٹنٹ' بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا ممکنہ مقصد فیس بک کے اربوں صارفین کے نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو مستند اور حقیقی جوابات تک رسائی دینا ہے۔
میٹا کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ ایپ ابھی بنیادی طور پر ٹیسٹنگ کے عمل سے گزر رہی ہے، کیونکہ کمپنی لوگوں کی دلچسپیوں کو جاننے کے لیے اکثر مختلف نئی پراڈکٹس کی آزمائش کرتی رہتی ہے۔