اسپیس ایکس کے اسٹار شپ راکٹ کی کامیاب پرواز کے بعد ناکام واپسی، دورانِ لینڈنگ تباہ

image

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا تیار کردہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اور طاقتور ترین راکٹ 'اسٹار شپ' زمین کے مدار کے گرد کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد واپس اترتے ہوئے دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

22 مئی کی شب امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع اسٹار بیس سے اس راکٹ کی 12 ویں آزمائشی پرواز کا تجربہ کیا گیا تھا۔ پرواز کے دوران راکٹ کے 6 میں سے ایک انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث باقی 5 انجنوں کو زیادہ ایندھن جلانا پڑا، تاہم اس کے باوجود راکٹ نے اپنا مشن مکمل کیا اور زمین کے مدار میں کامیابی سے دوبارہ داخل ہوکر لینڈنگ کا عمل شروع کیا، مگر بحر ہند میں اترنے سے عین قبل وہ ایک بڑے آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔

کمپنی کی جانب سے اسٹار شپ کے اس تیسرے ورژن میں ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کافی تبدیلیاں کی گئی تھیں کیونکہ ناسا اپنے 'آرٹیمس 3' مشن کے تحت دہائیوں بعد پہلی بار انسانوں کو چاند پر پہنچانے کے لیے اسی راکٹ کا استعمال کرے گا۔ اس راکٹ کو انسانوں اور سامان کو مریخ پر بھیجنے کے لیے بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ اسے مدار میں ہی ری فیول کر کے مریخ کا طویل سفر طے کرایا جا سکے۔

واضح رہے کہ 120 میٹر طویل اور 50 لاکھ کلوگرام وزنی یہ راکٹ دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں 33 انجنوں والا سپر ہیوی بوسٹر اور اس کے اوپر موجود اسٹار شپ اسپیس کرافٹ شامل ہے، اور اسے بار بار استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ تاہم، لینڈنگ کے دوران ہونے والی یہ ناکامی اسپیس ایکس کے خلائی پروگرام کو تیز کرنے کی کوششوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US