راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔
بیان میں کہا گیا کہ یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔ یہ تاریخی کامیابی قومی قیادت کے وژن، پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات، اور مسلح افواج و عوامِ پاکستان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور مؤثر دفاعی توازن کی ضامن ہے۔
مسلح افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قسم کے خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔
بیان کے اختتام پر قوم نے اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی۔