پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے تاریخی دن یومِ تکبیر کو آج 28 برس مکمل ہوگئے۔ چاغی کے پہاڑوں میں ہونے والے ایٹمی دھماکوں کی گونج اور ”اللہ اکبر“ کے فلک شگاف نعروں کی بازگشت آج بھی قوم کے جذبے، عزم اور دفاعِ وطن کے جذبے کی یاد تازہ کرتی ہے۔
28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی تجربات کے جواب میں کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے خود کو عالمِ اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت کے طور پر منوایا۔ یہ دن ملکی تاریخ میں دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں قومی سلامتی، دفاعی قوت اور ملکی استحکام کیلیے دعائیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر دنیا کو ایک بار پھر یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودداری، اتحاد اور دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند سمیت تمام سائنسدانوں اور ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی انتھک کاوشوں سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔