وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے انہیں وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی، مگر انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے انکار کر دیا۔
خواجہ آصف کے مطابق انہوں نے نواز شریف سے کہا تھا کہ ’’یہ میرے بس کا روگ نہیں، ذمہ داری بہت بڑھ جائے گی، اگر کام نہ کرسکا تو آپ ہی کہیں گے کہ شوقیہ لے کر بیٹھ گیا۔‘‘
وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا نواز شریف کے ساتھ تعلق انتہائی قریبی اور بھائیوں جیسا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں بھی انہیں کئی مواقع ملے لیکن ہر بار انہوں نے معذرت کو ترجیح دی۔
خواجہ آصف کا شمار مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ پارٹی کے تقریباً ہر دور حکومت میں اہم وفاقی وزارتوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔