کراچی بندرگاہ کے باہر کھلے سمندر میں دو بحری جہازوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے۔
چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) شاہد احمد کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات گئے پیش آیا جہاں دو جہاز حادثاتی طور پر آپس میں ٹکرا گئے، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اب اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ تصادم ایم وی نیوا اور ایم وی پاپو نامی بحری جہازوں کے درمیان ہوا، جس کے نتیجے میں ایم وی پاپو سے کچھ کنٹینرز سمندر میں گر گئے۔
چیئرمین کے پی ٹی کے مطابق نیوا نامی جہاز کو مرمت کے لیے پورٹ پر لا کر برتھ نمبر 5 پر لگا دیا گیا ہے جبکہ دوسرا متاثرہ جہاز ایم وی پاپو اس وقت آؤٹر اینکریج پر کھڑا ہے۔