پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور پہلی بعد از حج پرواز کامیابی کے ساتھ پہنچ گئی۔
پی اے اے کے مطابق پہلی بعد از حج پرواز پی کے 742 شام 7 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ پرواز کے ذریعے 165 عازمینِ حج وطن واپس پہنچے۔
ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے حکام اور اہلکار موجود تھے، جبکہ حجاج کو ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بعد از حج فلائٹ آپریشن کے دوران حجاج کرام کی آمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ ان کی وطن واپسی کو سہل اور آرام دہ بنایا جاسکے۔