وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس پروگرام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور سید عاصم منیر خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کے سامنے رکھا۔
وزیراعظم نے انتونیو کوسٹا اور ارسولا وان ڈیر لاین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔
اس موقع پر کاجا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی دلچسپی کا اظہار کیا۔